واٹربورڈ ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے شہر میں پانی کی چوری اور اس کی مہنگے داموں شہریوں کو غیرقانونی فروخت کے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا

ہفتہ 5 مئی 2018 21:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) واٹربورڈ ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہر میں پانی کی چوری اور اس کی مہنگے داموں شہریوں کو غیرقانونی فروخت کے خلاف آپریشن تیز کردیا ہے، اورنگی ٹاؤن میں رہائشی مکان کی آڑ میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹ کا خاتمہ کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،پانی چوری میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے ڈسکنکشن اسکواڈ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے اورنگی ٹاؤن کے ایک گھر میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹ کا خاتمہ کردیا ،جہاں ملزم گل خان رہائشی کنکشن سے پانی لے کر اس میں زیرزمین کنویں کے پانی کی آمیزش کرکے فروخت کررہا تھا ،واٹربورڈ کے ایگزیکٹیو انجینئر آصف قادری نے واٹربورڈ کے عملے اسسٹنٹ کمشنر اورنگی جہانگیرشاہ اور ڈی ایس پی اورنگی شاہد عباس اور پولیس کی نفری سمیت چھاپہ مار کر پانی چوری کیلئے استعمال ہونے والی موٹریں جنریٹر ،پائپ اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا جسے مقامی تھانہ میں جمع کرادیا گیا ہے ،پولیس نے ملز م کو گرفتار کرکے 14/A کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کامیاب کارروائی پر واٹربورڈ کے اقدام کو سراہا اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :