گوجرانوالہ شہر سے گندگی کا صفایا بہت بڑا چیلنج ہے۔وفاقی وزیر دفاع

اتوار 6 مئی 2018 00:30

گوجرانوالہ۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی گوجرانوالہ شہر سے گندگی کا صفایا بہت بڑا چیلنج ہے گوجرانوالہ سالڈ ویسٹ کمپنی شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے، شہر سے کوڑے کے ڈھیر اٹھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں عوامی فلاح اور تعمیروترقی کے منصوبوں میں معیاری میٹریل استعمال کرتے ہوئے فوری مکمل کیا جائے، ضلعی انتظامیہ کے افسران حکومتی پالیسی کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے گوجرانوالہ میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا اور تیز رفتاری سے تعمیروترقی کے انقلابی منصوبے مکمل کرکے پختہ سڑکوں کے جال بچھا دیئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈی سی آفس میں شہر کے بنیادی مسائل اور جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈی سی ڈاکٹر عمر جہانگیر، میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلاننگ و فنانس نرگس شازیہ چوہدری ، چیف آفیسر کارپوریشن خواجہ عمران صفدر، لیبر ممبر میونسپل کارپوریشن ناصر محمود کھوکھر، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عمر خیام سمیت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سمیت دیگر نے شرکت کی اجلاس میں ڈی سی گوجرانوالہ ڈاکٹر عمر جہانگیر، میئر شیخ ثروت اکرام اور سالڈ ویسٹ افسران نے شہر سے جلد از جلد کچرا اٹھوانے کی یقین دہانی کروائی وفاقی وزیر وفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسران پارکنگ پلازہ کے معاملات کا مل کر جائزہ لیں تاکہ شہریوں کو اسکی سہولت دینے کیلئے جلد از جلد افتتاح کیا جاسکے جبکہ گوندلانوالہ میں میڈیکل کالج سے ملحقہ زیر تعمیر ٹیچنگ ہسپتال کا تعمیراتی کام مکمل کرتے ہوئے وہاں شہریوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کو جنرل بس سٹینڈ کے معاملات باہمی طور پر حل کرنے کی ہدایات کیں جبکہ گوجرانوالہ میں جاری تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل استعمال کرتے ہوئے انہیں برق رفتاری سے مکمل کرنیکی ہدایت کی۔