فیصل آباد ،ْقومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود پاکستان کپ کے دوران چوٹ لگنے سے زخمی

اتوار 6 مئی 2018 18:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود پاکستان کپ کے دوران چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں فیڈرل ایریاز اور خیبرپختون خوا کی ٹیموں کے درمیان پاکستان کپ ٹورنامنٹ کا فائنل ہوا۔ میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم کی بیٹنگ جاری تھی کہ فیلڈنگ کے دوران قومی ٹیم کے مڈل آڈر بیٹسمین صہیب مقصود چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صہیب مقصود کے ہاتھ پر چوٹ لگی ہے اور انہیں فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے انہیں طبی امداد فراہم کی۔ذرائع کے مطابق چوٹ کے باعث صہیب مقصود کی میچ میں واپسی مشکوک ہوگئی۔ صہیب مقصود فیڈرل ایریاز کے نائب کپتان بھی ہیں اور ان کی عدم موجودگی میں ٹیم کو اس اہم مقابلے میں بڑا دھچکا لگا۔ صہیب مقصود فیڈرل ایریا کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے زخمی ہونے سے ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔