پولیٹیکل انتظامیہ ایف آر کوہاٹ کاپایا جواکی میں کھلی کچہری کا انعقاد

پیر 7 مئی 2018 19:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) گورنرخیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میںاسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ ضیاء الرحمن خٹک نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ /پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ خالد الیا س کی ہدایت پرپایا جواکی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سرکاری محکموں کے حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ، ملکان اور عام لوگوں نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوںنے کھلی کچہری میں پیش کردہ مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام کو تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کی طرف سے باقاعدہ فیڈ بیک مل جائے گا اور انشاء اللہ یہاں پر کئے گئے ہر فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے معمولی نوعیت کے مسائل موقع پر حل کئے جبکہ دیگر مسائل متعلقہ فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء ضیاء الرحمن نے تور ٹنڈی ہائی سکول پایا میں داخلہ مہم میں بھی حصہ لیا اور والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ضرور زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔انہوں نے واپسی پر راستے میں لیوی پیکٹس میں پانی کے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :