جناح کی تصویر پر تنازع،بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم کی ریلوے افسران کو دھمکی کی وڈیو وائرل

ویڈیو میں ستیش گوتم ٹرینوں کو روک کر ویشالی ایکسپریس 10منٹ میں پہنچانے کی بات کر رہے ہیں

پیر 7 مئی 2018 21:46

جناح کی تصویر پر تنازع،بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم کی ریلوے افسران ..
علی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) جناح کی تصویر پر تنازع،بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم کی ریلوے افسران کو دھمکی کی وڈیو وائرل ہو گئی ، ویڈیو میں ستیش گوتم ٹرینوں کو روک کر ویشالی ایکسپریس 10منٹ میں یہاں پہنچانے کی بات کر رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جناح کی تصویر پر تنازع کے بعد علی گڑھ سے بی جے پی کے ایم پی ستیش گوتم کا وڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں وہ ریلوے افسران کو دھمکی دیتے ہوئے سبھی ٹرینوں کو روک کر اٴْس ٹرین کو آگے لانے کی بات کررہے ہیں جس میں بی جے پی کے ریاستی صدر مہند ناتھ پانڈے لکھنو سے علی گڑھ پہنچنے والے تھے۔

اس وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ستیش گوتم ریلوے اسٹیشن پر کھڑے ہیں اور کسی کو دھمکی دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ سبھی گاڑیوں کو روک دیں اور ویشالی ایکسپریس 10منٹ میں یہاں پہنچنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ویشالی ایکسپریس کو 10منٹ میں علی گڑھ اسٹیشن پر لانے کیلئے راجدھانی ایکسپریس کو بھی روک دیں، وہ بعد میں بھی جاسکتی ہے۔ اگر ضرورت پڑے تو تمام ٹرینیں روک دی جائیں۔واضح ہو کہ ستیش گوتم علی گڑھ سے وہی بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں جنہوں نے اے ایم یو میں 1938ء سے لگی ہوئی جناح کی تصویر ہٹانے کیلئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو خط تحریر کیا تھا۔وڈیو وائر ہونے کے بعد وہ روپوش ہوگئے۔