قومی کمیشن برائے انسانی ترقی جیل میں قیدیوں کو تعلیم کیلئے تعلیم بالغاں سنٹر قائم کرے گی

دہشت گردی، انتہاء پسندی، تشدد، صنفی امتیاز سمیت تمام برائیوں کو ختم کرنے کیلئے تعلیم ایک بہترین ہتھیار ہے،رائے ریاض حسین

منگل 8 مئی 2018 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) جیل میں قیدیوں کو تعلیم کیلئے ’’جیلوں کیلئے خونداگی پروگرام‘‘ کے تحت ملک کی تمام 99 جیلوں میں تعلیم بالغاں سنٹر قائم کرے گی۔ منگل کو این سی ایچ ڈی کے عہدیدار رائے ریاض حسین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ جیلوں کیلئے خواندگی پروگرام میں قیدیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف پیشہ وارانہ ہنر بھی سکھانا ہے تاکہ وہ جیلوں سے رہائی کے بعد معاشرہ کے کار آمد شہری بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جیلوں میں 8 تعلیم بالغاں کے سنٹر قائم ہیں اور این سی ایچ ڈی ملک بھر کی تمام جیلوں میں خواندگی سنٹر قائم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاء پسندی، تشدد، صنفی امتیاز سمیت تمام برائیوں کو ختم کرنے کیلئے تعلیم ایک بہترین ہتھیار ہے۔

(جاری ہے)

این سی ایچ ڈی ملک میں 90 فیصد شرح خواندگی کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی نے جاپان کی تنظیم جائیکا کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں 12 غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کئے ہیں جن میں 8 سے 14 سال کے بچوں کو تعلیم دی جا رہی ہے۔ این سی ایچ ڈی کے نیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ خواندگی اور غیر رسمی تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے والے افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :