گیس بلوں میں آر ایل این جی ٹیرف وصولی کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

بدھ 9 مئی 2018 21:32

لاہور۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے متحدہ نان بیکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گیس بلوں میں آر ایل این جی ٹیرف وصولی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت، اوگرا ودیگر فریقین کو 28 مئی کیلئے نوٹس جاری کردیئے ۔جسٹس شاہد کریم نے متحدہ نان روٹی بیکرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کے رو برو درخواست گزار ایسو سی ایشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آر ایل این جی ٹیرف کو بغیر نوٹس گیس بلوں میں شامل کر دیا گیا، گیس بلوں میں پہلے ہی ٹیکسوں کی بھرمار ہے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نئے گیس میٹر پر ایک ماہ میں چار بل وصول کیے جارہے ہیں، اس صورتحال میںگیس بلوں میں آئے روز ٹیکسوں کی بھرمار سے کاروبار چلانا مشکل ہوگیا ہے،درخواست گزار ایسو سی ایشن کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت گیس بلوں میں آر ایل این جی ٹیرف کی وصولی روکنے کا حکم جاری کرے۔