کرکٹ آسٹریلیا نے مالی وجوہات کی بناء پر بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز منسوخ کر دی

جمعرات 10 مئی 2018 16:30

میلبورن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) کرکٹ آسٹریلیا نے مالی وجوہات کی بناء پر رواں برس بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہوم سیریز منسوخ کر دی۔ طے شدہ شیڈول کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم نے اگست اور ستمبر میں دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کیلئے آسٹریلیا کا دورہ کرنا تھا لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز منافع بخش نہ ہونے کی وجہ سے ہوم سیریز کی میزبانی سے ہی انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز آسٹریلیا میں فٹ بال سیزن سے متصادم ہے اور براڈ کاسٹر بھی کرکٹ میچز نشر کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اسلئے ہمیں اس سیریز میں کوئی مالی فائدہ نظر نہیں آ رہا جس کے باعث سیریز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کہا کہ ہم نے کرکٹ آسٹریلیا کو آئندہ برس ورلڈ کپ کے بعد دورے کی دعوت سمیت کئی دوسرے آپشنز کی تجاویز دی ہیں تاہم کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ یہ بنگلہ دیش نے آخری بار 2003ء میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :