ایران کیساتھ جوہری معاہدے سے ہرگز علیحدہ نہیں ہوں گے،برطانیہ

جمعرات 10 مئی 2018 16:33

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) برطانوی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ امریکا کی جانب سے علیحدگی کے فیصلے کے باوجود برطانیہ ایرانی جوہری معاہدے سے دست بردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیا جانے والا اعلان برطانیہ کے جائزے کو متاثر نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ارکان پارلیمنٹ کے سامنے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ جب تک عالمی معائنہ کار یہ کہیں گے کہ ایران معاہدے پر کاربند ہے اس وقت تک برطانہ اس سمجھوتے کی پاسداری کرے گا۔

برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار نہ کرنے کیلئے ٹرمپ کو قائل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی،تاہم یہ کاوشیں بے فائدہ رہیں۔برطانوی وزیر خارجہ نے امریکا پر زور دیا کہ وہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے دیگر فریقوں کیلئے ایران کیساتھ معاہدے پر عمل جاری رکھنے میں رکاوٹ پیدا ہو۔