انڈر23 گیمز سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے،تاج محمدخان

جمعہ 11 مئی 2018 15:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) خیبر پختونخوا رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد نے کہا ہے کہ انڈر23 گیمز سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے اور امید ہے کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں دنیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کریں گے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام مسلسل تیسرے سال انڈر23 گیمز کا شاندار طریقے سے انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر شرکت کرکے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل محمود خان ‘سیکرٹری سپورٹس طارق خان ‘ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان کی کاوشوں کی بدولت ان گیمز کا مسلسل تیسرے سال انعقاد بڑا کارنامہ ہے ایک طرف کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بہترین مواقع ملے ہیں اور دوسری طرف انہیں گیمز کے لئے بہترین کٹس اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں جس کی مثال نہیں ملتی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گیمز میں تمام سہولتیں ملی ہیں اور کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے جس سے ان کے تجربے میں بھی اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا دوسری طرف ڈی جی سپورٹس جنید خان نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ یہ سلسلہ ہر سال جاری رہے گا۔