کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت کمپنیوں کی تشکیل اور رجسٹریشن کے بعد کے قانونی تقاضوں پر آگہی کیلئے سیمینار کا اہتمام

جمعہ 11 مئی 2018 17:39

کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت کمپنیوں کی تشکیل اور رجسٹریشن کے بعد کے قانونی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے کارپوریٹائزیشن کی مہم کے سلسلے میں کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت کمپنیوں کی تشکیل اور رجسٹریشن کے بعد کے قانونی تقاضوں پر آگہی کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے تعاون سے آئی کیپ ہائوس لاہور میں ایک سیمینار منعقد کیا۔ وکلاء، اکاؤنٹنٹس اور کاروباری ماہرین کی بڑ ی تعداد نے اس سیمینار میں شرکت کی۔

ایس ای سی پی کے کمپنی رجسٹریشن دفتر لاہور سے جائنٹ رجسٹرار سدرہ منصور نے کارپوریٹائزیشن اور کارپوریٹ کمپلائنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایس ای سی پی کی جانب سے کارپوریٹائزیشن کے فروغ اور کارپوریٹ کمپلائنس کی مد میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں شرکاء کو بتایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید کار گزار بنانے کیلئے شرکاء اپنی قیمتی آرا ء سے آگاہ کریں۔

ایڈیشنل رجسٹرار شہباز سرور نے ای انکارپوریشن،کمپنیز (انکارپوریشن) ضوابط 2017ء اور کمپنیز ایکٹ کے متعلقہ احکامات پر مختصراً روشنی ڈالی۔ اس موقع پر آئی کیپ کے ناردن ریجن کی کمیٹی کے چیئرمین اسد فیروز نے کارپوریٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے ایس ای سی پی کے اقدامات کی تعریف کی اور ایسے آگہی سیمینار باقاعدگی سے منعقد کئے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کے اعلیٰ ترین ریگولیٹر کی حیثیت سے، ایس ای سی پی نے ہمیشہ پیشہ وارانہ اور تجارتی انجمنوں کے ساتھ روابط برقرار رکھے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دیگر پیشہ ورانہ اور تجارتی تنظیموں کے تعاون سے ایسے مزید سیمینار اور ورکشاپوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔ سیمینار کے آخر میں سوال و جواب کی نشست کے دوران شرکا نے اپنی قیمتی آراء بھی ایس ای سی پی کے گوش گزار کیں۔