تعصبات معاشروں کو تباہ اور نفرت کو ہوا دیتے ہیں، امام کعبہ

ہفتہ 12 مئی 2018 10:20

مکہ مکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید نے خبردار کیا ہے کہ تعصبات خطرناک سماجی امراض ہیں یہ انسانیت کو کھوکھلا جبکہ تعصبات افراد، اقوام اور معاشروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد الحرام کے امام و خطیب نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ تعصب اور عصبیت زمانہ جاہلیت کی پیداوار ہیں۔

تعصب شدت پسندی اور انتہا پسندی کا دوسرا نام ہے۔ یہ نفرت ، تفرقہ ، گمراہی ، بغض کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ تعصبات حق و انصاف اور اصول پسندی کے دشمن ہیں۔ امام حرم نے کہا کہ تعصب اندھے جوش، طوفانی جذبات ، پیشگی فیصلوں ، اغیار کی بے وقعتی کا دوسرا نام ہے۔ تعصب جماعت، گروہ ، پارٹی ، قبیلے ، فرقے اور نسل ہر ایک کے یہاں پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تعصب کے باعث انسان افراد سے تعلق میں شدت پسند ہوجاتا ہے۔

افکار کے حوالے سے انحراف کی روش اپنا لیتا ہے۔ تعصب کا مارا انسان روا داری ، افہام و تفہیم اور مختلف فکر قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا۔ امام حرم نے کہاکہ تعصب کی حقیقت یہ ہے کہ آپ کے ذہن میں جو کچھ ہے وہی حق ہے، ایسا انسان حقیقی حق قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا۔ دلائل اور شواہد ایسے انسان کی نظر میں کوئی معنی نہیں رکھتے۔ امام حرم نے کہاکہ یہ سب تعصبات کی قسمیں ہیں اور ہر طرح کا تعصب نفرت اور عداوت کی آگ بھڑکاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :