چین کی سنگ ہوا یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کا انٹرنیشنل کلچرل ڈے کے موقع پر شاندار تقریب کا اہتمام

لذیذ پاکستانی کھانے اور کلچرل پرفارمنس پیش کی، ثقافت اور روایات کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا

اتوار 13 مئی 2018 17:10

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) چین کی ممتاز سنگ ہوا یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ نے انٹرنیشنل کلچرل ڈے کے موقع پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ طلبہ نے اس موقع پر قائم کئے گئے بوتھ میں لذیذ پاکستانی کھانے اور کلچرل پرفارمنس پیش کی۔انہوں نے چین اور دیگر ممالک سے آئے شرکاء کے سامنے اپنی بھرپور ثقافت اور روایات کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔

پاکستان کے روایتی ملبوسات پہنے طلبہ نے اس موقع پر پاکستان کے مختلف علاقوں کے لوک رقص اور موسیقی کے ساتھ ساتھ روایتی کھانے بھی پیش کئے۔بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ممتاز زہرا بلوچ نے تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے پاکستانی ثقافت کو مثبت انداز میں اجاگر کرنے پر طلبہ کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے ثقافتی تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پاکستان سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن سنگ ہوا یونیورسٹی کے رکن پی ایچ ڈی انوائرنمنٹل سائنسز کے طالب علم عبدالغفار میمن نے بتایا کہ ان کا مقصد تقریب کے چینی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو یہی بتانا تھا کہ پاکستان خوبصورت مناظر اور متنوع ثقافت کا حامل ایک شاندار ملک ہے جہاں مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔تقریب میں یورپ، لاطینی امریکا، جنوبی ایشیا ، مشرقی ایشیا، وسطی ایشیا، افریقا اور خلیجی خطہ سے تعلق رکھنے والے ایک سو ممالک سے ہزاروں مندوبین نے شرکت کی۔