قومی ٹیم ایشیا رگبی چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، عارف سعید

پیر 14 مئی 2018 13:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان رگبی یونین کے صدر عارف سعید نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ایشیا رگبی چیمپئن شپ ڈویژن تھری سینٹرل ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ چیمپئن شپ کل منگل سے قزاخستان کے شہر الماتے میں شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

پاکستان رگبی یونین کے صدر عارف سعید نے پیر کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز 26 رکنی قومی ٹیم کاشف خواجہ کی قیادت میں قزاخستان روانہ ہوگئی ہے جہاں وہ ایشیا رگبی چیمپئن شپ ڈویژن تھری سینٹرل ٹورنامنٹ 2018 میں حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ان سے بہترین نتائج کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے اگست سے جنوری تک لیگ کا انعقاد کیا گیا جس میں 40 میچ کھیلے گئے۔ واضح رہے کہ 25 مئی تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ قزاخستان، کرغزستان اور منگولیا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

متعلقہ عنوان :