صدر آزاد کشمیر کا کنڈل شاہی وادی نیلم کے حادثے میں قیمتی جانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار

پیر 14 مئی 2018 20:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے 13مئی کو کنڈل شاہی وادی نیلم کے مقام پر ہونے والے حادثے میں قیمتی جانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ تھا جس پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام بھی سوگوار ہیں۔انہوں نے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

انہوں نے ریسکیو ٹیموں اور انتظامیہ کو بروقت امدادی کاروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ اس افسوس ناک واقعے نے سیاحت کو محفوظ بنانے کے لئے توجہ دلائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بناتے ہوئے سیاحوں کے لئے آگاہی بڑھانی ہو گی اور خطرناک مقامات پر انتبا ہی سائن بورڈنصب کئے جانے چاہیے تاکہ سیاح اپنا تحفظ کر سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدم توجہ کے باعث ایسے مقامات پر متعدد قیمتی جانیں ہر سال ضائع ہوتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹور آپریٹر ز، انفرادی طور پر آنے والے سیاح اور ان کی فیملیز ان خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہونے چاہیے۔صدر آزادجموں و کشمیر نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر نصب شدہ انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انتبا ہی سائن بورڈ کو نمایاں جگہوں پرآویزاں اور متعدد بار دہرایا جانا چاہیے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں ریسکیو سسٹم کو فعال اور مستحکم کرنے کے لئے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے حادثات سے بروقت نمٹنے کی صلاحیت پیدا ہو سکے ۔صدر نہ کہا کہ آنے والے سالوںمیں آزادکشمیر بالخصوص نیلم ویلی میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا جس کے لئے ہمیں سیکورٹی اور سیفٹی کے لئے مطلوبہ اقدامات اُٹھانے ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے حادثات سے بچنے کے لئے اقدامات کرنا ٹوررازم ڈیپارٹمنٹ، مقامی انتظامیہ اور سیاحوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔راٹھور

متعلقہ عنوان :