کوئٹہ ،گندم خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی

سابق سٹی ناظم کیخلاف اراضی الاٹمنٹ کیس میں عدم حاضری پرگواہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 22 مئی 2018 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج پذیراحمد بلوچ کے روبرو سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک ظاہر جان جمالدینی کے خلاف کروڑوں روپے گندم خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی اس کے علاوہ عدالت نے سابق سٹی ناظم مقبول احمد لہڑی کیخلاف غیر قانونی طورپراراضی الاٹمنٹ کیس میں عدم حاضری پرگواہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔

گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ظاہر جان جمالدینی کے خلاف کروڑوں روپے گندم خوردبرد سے متعلق کیس کی سماعت شروع ہوئی تونامزد ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم گواہ کی عدم پیشی کے باعث کیس کی سماعت میں پیش رفت نہ ہوسکی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کو13جون تک کیلئے ملتوی کردیا۔

(جاری ہے)

ملزمان پر گندم کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کاالزام ہے ۔دریںاثناء عدالت کے روبرو سابق سٹی ناظم مقبول احمد لہڑی کے خلاف غیر قانونی طورپر سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران مقبول احمد لہڑی عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم گواہ عبدالفتح پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12جون تک کیلئے ملتوی کردی ۔