ارجنٹائن کو فیفا ورلڈ کپ سے قبل بڑا دھچکا، گول کیپر سرگیو رومیرو فٹنس مسائل کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار

بدھ 23 مئی 2018 16:39

بیونس آئرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) ارجنٹائن ٹیم کے گول کیپر سرگیو رومیرو فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ماہ روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، ناہوئل گزمین کو متبادل کے طور پر سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سرگیو رومیرو گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں سرجری کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ ورلڈکپ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، بلاشبہ یہ ٹیم کیلئے بری خبر ہے تاہم ہماری ہمدریاں سرگیو کے ساتھ رہیں گی اور خواہش ہے کہ وہ مکمل فٹ ہو کر دوبارہ ٹیم جوائن کریں۔

سرگیو کو 94 بین الاقوامی میچز میں ارجنٹائن کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، وہ 2014ء میں منعقدہ ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹائنی سکواڈ کا حصہ تھے۔ ارجنٹائن کو میگا ایونٹ میں گروپ ڈی میں آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجیریا کے ساتھ رکھا گیا ہے اور وہ 16 جون کو آئس لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

متعلقہ عنوان :