آسٹریلیا میں خشک سالی کے باعث گندم کی پیداوار کم،ایشیائی فلور مل مالکان بحیرہ اسود کی گندم کی خریداری کو ترجیح دینے لگے

اتوار 27 مئی 2018 09:10

سنگاپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) ماہرین نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں مسلسل دوسرے سال خشک سالی کے باعث گندم کی پیداوار کم ہونے اور علاقائی طلب میں مسلسل اضافے کے باعث ایشیائی فلور مل مالکان بحیرہ اسود کی گندم کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تجارت کے شعبے سے ماہرین کی ایک جائزہ رپورٹ کے مطابق رواں سال (مسلسل دوسرے سال ) آسٹریلیا میں خشک سالی کے باعث گندم کی پیداوار کم رہنے کی توقع ہے جبکہ یہ علاقے میں گندم کا سب سے بڑا سپلائر ہے، کم پیداوار کے مقابلے میں خطے کی بڑھتی طلب پوری نہ کرسکنے پر علاقے کے فلور مل مالکان اور دیگر ادارے اپنی ضرورت کے لیے بحیرہ اسود کے علاقے میں پیدا ہونے والی گندم کی رخ کررہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ایشیائی مل مالکان نے 1 ملین ٹن سے زیادہ بحیرہ اسود کے ریجن کی گندم کی خریداری کی اور آنے والے مہینوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی خطے کی جانب سے بحیرہ اسود کی گندم کی پیداوار کی خریداری سے آسٹریلیا کی علاقائی اجارہ داری متاثر ہوگی، یہ خطہ مسلسل ترقی کررہا ہے اور وہاں گندم اور اس کے اجزاء سے تیار ہونے والی اشیاء کی مانگ میں مسلسل اضافے کی وجہ سے گندم کی طلب بڑھ رہی ہے۔