آم کے باغات سے فروٹ فلائی کے خاتمہ کی مہم بھرپور طریقے سے جاری

اتوار 27 مئی 2018 13:10

فیصل آباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) آم کے باغات سے فروٹ فلائی کے خاتمہ کی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے جس کے باعث گزشتہ سال کی نسبت بہتر پیداوار حاصل ہونے کاامکان ہے۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ فروٹ فلائی کے خاتمہ کی مہم کے دوران باغبانوں کو پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے میتھائل یوجینال کے جنسی پھندوں کی تنصیب کی ترغیب اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی کا تدارک انتہا ئی نا گزیر ہے کیونکہ فروٹ فلائی کے تدارک سے نہ صرف باغبانوں کی شرح منافع میں اضافہ بلکہ برآمدات بھی بڑ ھیں گی اور ملکی تجارتی ساکھ میں بہتر ی سمیت زیادہ زر مبادلہ حاصل کیا جا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ پھل کی نر مکھی کے تدارک کیلئے جنسی پھندی- "میتھائل یوجینال" (6 ٹریپ فی ایکڑ) کے استعمال اور مادہ مکھی کے تدارک کے لیے پروٹین ہائیڈولائزیٹ کے طمعے کے استعمال کیلئے باغبانوں کو ترغیب اور مکمل رہنمائی فراہم کی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ باغبانوں کو چنائی کے بعد اور ایکسپورٹ سے قبل پھل کو نمک کے 5 فیصد محلول میں 60 منٹ کے لیے رکھنے اور ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کی ٹیکنالوجی سے بھی آگاہ کیا جارہا ہے اور سفارش کردہ زہروں کے استعمال کیلئے مکمل رہنمائی فراہم کی جارہی ہے تاکہ شدید حملہ کی صورت میں باغبان صحیح اور سفارش کردہ زہروں کا انتخاب اور باغات پر سپرے کر سکیں۔

انہوںنے بتایا کہ بدقسمتی سے پچھلے چند سالوں سے آم کے باغات پر پھل کی مکھی کا حملہ شدت اختیار کر گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ان کی پیداوار میں کمی آئی ہے بلکہ ان کی کوالٹی خراب ہونے کی وجہ سے انہیں برآمد کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ملک کو اربوں ڈالر زرمبادلہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جس کیلئے ایک مربوط نظام وضع کر کے نافظ کرنے کی اشد ضرورت محسوس کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے توسیع ونگ کے ذریعہ 3سالہ منصوبہ کے تحت پھل کی مکھی کے غیر روائتی طریقوں سے تدارک کے منصوبہ کے تحت بھرپور مہم کا آغاز کر دیا گیاہے جس کے ذریعے پھل کی مکھی کے غیر روائتی طریقوں سے تدارک کیلئے تمام تدابیراختیار کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زارعت توسیع کی چھتری کے تحت باغبانوں اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ خصوصاً مارچ سے نومبر تک ان مکھیوں کی سرگرمیوں پر توجہ اور تدارک پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پھل کی مکھی کے تدارک اور اس کے حملہ سے پاک پھلوں کے حصول کیلئے تمام منسلک ادارے اور کاشتکاران و باغبان نہ صرف اپنے لیے بلکہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اس اہم فریضہ میںاپنے اپنے کردارکیلئے کوشاں ہیں۔