پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے ہرا دیا، گرین شرٹس کو دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، پاکستانی ٹیم نے 64 رنز کا آسان ہدف دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، حارث سہیل 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست، محمد عباس کی میچ میں 8 وکٹیں، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 27 مئی 2018 17:20

لارڈز۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس نے گرین شرٹس کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 64 رنز کا آسان ہدف دیا جو اس نے اپنی دوسری اننگز میں 12.4 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، حارث سہیل 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، محمد عباس نے میچ میں 8 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اتوار کو لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 235 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنک بیس 55 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے جوز بٹلر کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، بٹلر 67 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اگلے اوور میں محمد عامر نے مارک ووڈ کو آئوٹ کر کے میدان بدر کیا، وہ 4 رنز بنا سکے، سٹورٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے عباس کی گیند کا نشانہ بنے، 242 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب ڈومنک بیس 57 رنز بنا کر عامر کی گیند پر بولڈ ہو گئے، انگلینڈ نے 7 رنز پر آخری 4 وکٹیں گنوائیں، اسطرح پاکستان کو کامیابی کیلئے 64 رنز کا ہدف ملا، محمد عباس اور محمد عامر نے 4، 4 اور شاداب خان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، 12 کے سکور پر گرین شرٹس کو اظہرعلی کا نقصان اٹھانا پڑا جو 4 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر حارث سہیل اور امام الحق انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، حارث سہیل نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جیمز اینڈرسن نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :