متحدہ مجلس عمل کی صوبائی مجلس عاملہ نے سیٹوں کی تقسیم کا اختیار اضلاع کو تفویض کردیا،

ضلعی تنظیموں کو 2دن میں امیدواروں کی فہرستیںصوبائی پارلیمانی بورڈ کو ارسال کرنے کی ہدایت ، نورالحق

بدھ 30 مئی 2018 21:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات نورالحق نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی صوبائی مجلس عاملہ نے سیٹوں کی تقسیم کا اختیار اضلاع کو تفویض کردیا ہے،ضلعی تنظیموں کو 2دن کے اندر تمام امیدواروں کے نام فائنل کرکے فہرستیںصوبائی پارلیمانی بورڈ کو ارسال کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔

نورالحق کے مطابق ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے کے صوبائی صدر مولانا گل نصیب کی زیرصدارت ہونے والے متحدہ مجلس عمل کی صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں اضلاع کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور سیکرٹری اطلاعات شریک تھے۔ایم ایم اے کے سیکرٹری اطلاعات نورالحق نے بتایا کہ متحدہ مجلس عمل کی صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اضلاع کے اندر نشستوں کی تقسیم کا معاملہ زیر بحث آیا،عام انتخابات کیلئے اضلاع میں تمام نشستوں پر امیدواروں کے چناؤ کا مکمل اختیار اضلاع کے حوالے کردیا گیا ہے کسی حلقے میں ڈیڈلاک یا اختلاف کے باعث آخری فیصلہ صوبائی پارلیمانی بورڈ کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اضلاع کے صدور کو فوری طور پر اپنا کام شروع کرنے اور امیدواروں کے ناموں کا دودن میں اعلان کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کی فہرستیں صوبے کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایم اے کے رہنماؤں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بعد سے سیکولر قوتیں خوف کا شکار ہیں، سیکولر اور لبرل قوتوں کو عام انتخابات میں شکست دیں گے۔ صوبے میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت صوبے کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔