ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کا یوم وفات کل منایا جائے گا

جمعہ 1 جون 2018 17:31

فیصل آباد۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء)عالم اسلام سمیت ملک بھر میںام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ کا یوم وفات کل بروز ہفتہ کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ نبی کریم ؐ کو آپ سے بے حد محبت تھی۔ آپ بہت بڑی فقیہہ اور سینکڑوں احادیث کی بھی حافظہ تھیں ۔حضرت عائشہ ؓ کے کاشانہ نبوت میں حرم نبویؐ کی حیثیت سے داخل ہونے کے بعد قرآن مجید کا ایک بڑا حصہ نازل ہوا ۔

(جاری ہے)

آپ کو کم و بیش 10سال تک فخر موجودات، سرورکائنات ، سرکار دوعالم ، نبی آخر الزماںحضرت محمد مصطفی ؐ کے ساتھ رہنے کا شرف حاصل ہوا۔ آپ ؓ اخلاق حسنہ میں بھی سب سے ممتاز تھیں اور آپ ؓ نے بڑی تعداد میں غلاموں کو آزاد کروایا ۔ آپ ؓ کی شان میں قرآن پاک کی 17قرآنی آیات بھی ناز ل ہوئیں۔ ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کے یوم وفات کے موقع پر ملک بھر کے تمام شہروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور خصوصی تعزیتی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں علمائے کرام ، مشائخ عظام ، مذہبی دانشور اور دیگرا ہم دینی شخصیات آپ ؓ کی سیرت و کردار اور حیات طیبہ سمیت اسلام کیلئے ان کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔