ایس ڈی پی آئی اور قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 1 جون 2018 19:29

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) چاروں ریاستی ستونوں میں ہم آہنگی اور بہتر اشتراک عمل کی فضاء قائم کرکے پائیدار امن کو یقینی بنانا ممکن ہو سکے گا، ملک کے سماجی ادارے ملک کو درپیش خطرات کا مکمل ادراک رکھتے ہیں اور قومی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے اپنا کردار ہر ممکن ادا کرنے سے گریزاں نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) کے ہیڈ آفس میں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری اور قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی حکومت پاکستان کے سربراہ احسان غنی نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔ مفاہمت کا مقصد پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کی جانب سے اعلیٰ معیاری تحقیق کے ذریعے قومی فریضہ میں اشتراکیت ہے۔

(جاری ہے)

مزید جدید تحقیقی اسلوب سے روشناس کراتے ہوئے ادارے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ دونوں اداروں کے سربراہان نے اس امر پر بھی اتفاق رائے کیا کہ دونوں ادارے اپنے مینڈیٹ، آئینی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے مفاہمتی یاد داشت پر عمل کریں گے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احسان غنی نے کہا کہ سماجی ادارے سے مفاہمت کا مقصد دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے معاشرے کو محفوظ بنانے کیلئے مل کر جدو جہد کرنا ہے جس میں اعلیٰ تحقیق سے استفادہ کرنا، استعداد کار میں اضافہ اور صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا ہے تاکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی پر قابو پانے کیلئے بہتر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔

اس موقع پر پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے سر براہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ پاکستان کے تمام ریاستی ادارے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے وسائل اور صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو کہ ہماری قومی تاریخ میں درخشاں باب کی حیثیت رکھتاہے۔ انہوں نے کہا معاشرے کو پُرامن بنا کر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

ایس ڈی پی آئی، نیکٹا کو ہر ممکن اعلیٰ تحقیقی مواد کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے جدید تحقیقی اسلوب سے بھی مستفید ہونے کے ہر ممکن مواقع فراہم کرے گا۔ اس سے پاکستان کی طرف سے عالمی معاہدات میں عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ جس میں پائیدار ترقی کے اہداف میں ہدف نمبر 16 جو کہ امن، انصاف اور مضبوط اداروں کے حوالے سے ہے ، عابد قیوم سلہری نے مزید کہا کہ چاروں ریاستی ستونوں کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے ڈاکٹر وقار احمد، احمد سلیم اور نیکٹا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :