دوبئی: نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کے باعث رہائشی کرایوں میں کمی

ڈیرہ میں پچھلے سال کرایوں میں 17فیصد کمی واقع ہوئی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جون 2018 18:00

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2جُون 2018ء) دُوبئی کے بہت سے علاقے بہت زیادہ رہائشی کرایہ وصول کرنے کے حوالے سے خاص شہرت رکھتے ہیں۔ مگر گزشتہ چند سالوں سے دُوبئی کے بیشتر علاقوں میں رہائشی کرایوں میں کمی کے باعث یہاں مقیم ہزاروں افراد نے سُکھ کی سانس لی ہے۔ ایک تحقیقی ادارے جے ایل ایل کے مطابق ہر گزرتے سال کے دوران اپارٹمنٹس کے سالانہ کرایوں کی مد میں اوسطاً 6.5 فیصد جب کہ وِلاز کے سالانہ کرایوں میں اوسطاً 10.2 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

جے ایل ایل کے مطابق اس کی وجہ ہزاروں کی تعداد میں تعمیر شدہ نئے رہائشی بلاکس ہیں۔ جس کے باعث پُرانے رہائشی یونٹس کے مالکان اپنے کرایہ داروں کو رہائش نہ چھوڑنے کے لیے کرایوں میں چھُوٹ دے رہے ہیں تاکہ اُن کے اپارٹمنٹس اور فلیٹس خالی نہ رہیں۔

(جاری ہے)

سالِ رواں کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران تین ہزار سے زائد رنئے رہائشی یونٹس کی مارکیٹ میں متعارف ہوئے‘جن میں زیادہ تر تعداد اپارٹمنٹس کی ہے اور ان میں سے 78 فیصد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔

ریئل اسٹیٹ کے ماہرین کی جانب سے بیوت کے کیے گئے حالیہ تجزیہ کے مطابق دوبئی کے مشہور مقامات پر سالِ رواں کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران کرایوں میں کمی دیکھنے کو مِلی۔ سنگل بیڈ اپارٹمنٹ والے مقامات میں سب سے زیادہ کرایوں میں کمی دیرہ‘ بُر دُوبئی‘ جمیرہ لیکس اور دوبئی میرینا میں دیکھنے کو مِلی۔ جنوری سے مارچ 2018ء کے دوران دیرہ میں سنگل بیڈ روم فلیٹ کا سالانہ کرایہ 55000 اماراتی درہم تک سمٹ گیا جب کہ اس سے پہلے یہ کرایہ 63 ہزار اماراتی درہم تک تھا۔

اس طرح کرایوں کی مد میں 12.6 فیصد کمی واقع ہوئی۔ بُر دُبئی میں‘ اسی نوعیت کے فلیٹ کا کرایہ 65 ہزار تک سمٹ گیا جبکہ پچھلے سال یہی کرایہ 70 ہزار درہم تھا۔ اس طرح کرائے میں 7.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ رہائشی کرایوں میں ڈیرہ میں 12.7 فیصد‘ بُر دوبئی میں 7.1 فیصد‘ جمیرہ لیکس ٹاورز میں 6.3 فیصد‘ ڈاؤن ٹاؤن دوبئی میں 4.7 فیصد‘ النہدہ میں 3.4 فیصد جبکہ دوبئی میرینا میں 3.3 فیصد تک کمی رپورٹ کی گئی۔

JLT میں کرایوں میں کمی 6.25 فیصد نوٹ کی گئی یعنی پہلے جس سنگل بیڈ اپارٹمنٹ کا سالانہ اوسطاً کرایہ 80ہزار درہم تھا‘ وہ 75 ہزار درہم پر سمٹ آیا۔ کرایوں میں کمی کے اس رحجان نے ڈاؤن ٹاؤن دوبئی کے مکان مالکان کو بھی زد میں لے لیا‘ جہاں کرایوں میں 4.7 فیصد کمی نوٹ کی گئی۔ دوبئی میرینا میں سنگل بیڈ اپارٹمنٹ کا اوسطاً سالانہ کرایہ 90ہزار سے گِر کر 87 ہزار درہم پر آ گیا ہے۔ ان گرتے کرایوں سے دُبئی میں مقیم افراد کو بہت فائدہ ہو رہا ہے‘ خصوصاً جبکہ اپارٹمنٹ مالکان کرایہ داروں کو مکان نہ چھوڑنے کے لیے مختلف رعایتیں دے رہے ہیں۔ اس سوچ نے اپارٹمنٹ مالکان میں کرائے میں کمی کے نئے رحجان کو جنم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :