زائرین کو مسجد الحرام کے صحنوں اور راہداریوں میں بستر نہ لگانے کی ہدایت

بستر لگانے سے دیگر کو آنے جانے میں دشواری،بیحرمتی بھی ہوتی ہے،امن عامہ کمیٹی

پیر 4 جون 2018 14:00

زائرین کو مسجد الحرام کے صحنوں اور راہداریوں میں بستر نہ لگانے کی ہدایت
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) محکمہ امن عامہ نے معتمرین اور زائرین سے کہا ہے کہ وہ مسجد الحرام کے صحنو ں، راہداریوں اور گزر گاہوں میں بستر نہ لگائیں۔ بستر لگانے سے دیگر ضیوف الرحمان کو آنے جانے میں دشواری پیش آتی ہے۔ علاوہ ازیں خود بستر لگا کر سونے والوں کی بیحرمتی بھی ہوتی ہے۔ امن عامہ نے یہ اپیل حالیہ ایام کے دوران حرم شریف میں بڑے پیمانے پر بستر رواج پھیل جانے کے تناظر میں جاری کی ہے۔

امن عامہ نے توجہ دلائی ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے نگراں ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ تمام زائرین ان سے تعاون کریں اور انہیں اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ پیدا کریں۔ اس حوالے سے کسی بدگمانی میں مبتلا نہ ہوں۔

(جاری ہے)

بنیادی مقصد ضیوف الرحمان کو آرام و راحت اور سکون و یکسوئی کے ساتھ عبادت، تلاوت ، تراویح ، طواف اور صفا و مروہ کی سعی میں سہولت مہیا کرنا ہے۔

گزشتہ برسوں کے دوران حرم شریف جانے والے راستوں پر سیکڑوں لوگ بستر لگا لیتے تھے۔ اس سے ایک طرف تو آگہی مہم اور دوسری جانب بستر لگانے پرعائد پابندی کے نفاذ کے لئے اقدامات کرکے روکا گیا ہے۔ سعودی عرب کے ممتاز علمائ اور برصغیر کی معروف شخصیات نے ایک اور نکتے کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔ انکا کہناہے کہ اب جبکہ حرم شریف 24گھنٹے دنیا بھر کے لوگوں کی نظرو ںمیں رہتا ہے ایسے عالم میں حرم شریف کے صحنوں، راہداریوں اور سڑکوں پر بستر لگانے سے اسلام کے نظام اور مسلمانوں کی حرم شریف سے وابستگی پر حرف آئیگا لہذا ثواب کمانے کیلئے آنے والے اسلام کی سربلندی کا باعث بنیں ۔ اسلام کی بدنامی کا نہیں