ضلعی زکوٰة کمیٹی نے دینی مدارس ‘ تعلیمی ادارہ جات ‘ریگو لر گزارہ الائونس اور نابینا افراد کے مالی امداد کے چیک جاری کر دیئے

مستحقین زکوٰة کے چنائو میں میرٹ اور شفافیت کو خصوصی طور پر مد نظر رکھا گیا ہے‘ضلعی چیئر مین چوہدری محمد صادق

پیر 4 جون 2018 15:30

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) ضلعی زکوٰة کمیٹی قصور نے ضلع کے دینی مدارس ‘ تعلیمی ادارہ جات کے مستحق طلباء و طالبات کیلئے سکالر شپ ‘ریگو لر گزارہ الائونس اور مستحق نابینا افراد کے مالی امداد کے چیک جاری کر دیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی قصور چوہدری محمد صادق نے محکمہ زکوٰة سے رجسٹرڈ دینی مدارس کو 38لاکھ 71ہزار روپے ‘تعلیمی ادارہ جات کے مستحق طلباء و طالبات کیلئے سکالر شپ کی مد میں 39لاکھ 36ہزار روپے ‘ ضلع کے کل 4430مستحقین زکوٰة کو ریگولر گزارہ الائونس کی مد میں 1کروڑ 30لاکھ 29ہزار روپے ‘177نابینا مستحقین کیلئے 5لاکھ 31ہزار روپے ‘گزارہ الائونس سنٹرل پول کے 46مستحقین کیلئے 1لاکھ 38ہزار روپے کے چیکس کا اجراء کر دیا ہے۔

چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری محمد صادق نے بتایا ہے کہ مستحقین زکوٰة کے چنائو میں میرٹ اور شفافیت کو خصوصی طور پر مد نظر رکھا گیا ہے اور بمطابق قوائد و ضوابط مقامی زکوٰة کمیٹیوں کی طرف سے استحقاق کے تعین کے بعد مستحقین کا انتخاب کرتے ہوئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں تا کہ مستحقین زکوٰة رمضان المبارک کے مہینے اور عید الفطر کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

یہ رقم فی مستحق کو بذریعہ ایزی پیسہ وصول ہو گی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر اشفاق احمد خاں ‘سماجی کارکن چوہدری ارسلان صادق ‘آڈٹ آفیسر مقصود احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔