کرس ووکس فٹنس مسائل کے باعث سکاٹ لینڈ کے خلاف واحد ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے باہر، ٹام کیورن سکواڈ میں طلب

پیر 4 جون 2018 15:30

لیڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) انگلش آل رائونڈر کرس ووکس فٹنس مسائل کے باعث سکاٹ لینڈ کے خلاف شیڈول واحد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ سے باہر ہو گئے، ووکس پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوران ران کی انجری کا شکار ہوئے تھے، ان کی جگہ ٹام کیورن کو ٹیم میں طلب کر لیا گیا۔ انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے درمیان واحد ون ڈے میچ 10 جون کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد ووکس کو آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، اس وقت ان کی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی شرکت کے بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم ہمیں پوری امید ہے کہ وہ کینگروز کے خلاف سیریز سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بین سٹوکس بھی انجری کی وجہ سے سکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ سے باہر ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :