ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تیاری، چلی نے سربیا، مراکش نے سلواکیہ کو ہرا دیا، اٹلی اور ہالینڈ کا میچ برابر

منگل 5 جون 2018 15:58

بلغراد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) رواں ماہ شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلے میں جاری انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز میں چلی نے سربیا اور مراکش نے سلواکیہ کو ہرا دیا، اٹلی اور ہالینڈ کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک میچ میں چلی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سربیا کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے ہرایا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم میریپان نے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلائی، مراکش نے سلواکیہ کو زبردست مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے شکست دی، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے ہاف کے 59ویں منٹس میں سلواکیہ کے گریجس نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی تاہم پانچ منٹس بعد مراکش کے الکابی نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، 74ویں منٹس میں مراکش کے بلہاندا نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور ان کا یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا، اٹلی اور ہالینڈ کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا، پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، اٹلی کے زازا نے 67ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی لیکن ہالینڈ کے آکی نے آخری لمحات میں گول کر کے اٹلی کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابری پر ختم ہوا، آرمینیا اور مولدووا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

متعلقہ عنوان :