کتاب کلچرکا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، شفیق الرحمن نیازی

بدھ 6 جون 2018 18:15

سرگودھا۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق الرحمن نیازی نے کہا ہے کہ کتاب کلچرکا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، مطالعہٴ کتب کے بغیر معاشرتی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، نسلِ نوکو کتاب کی طرف متوجہ کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ادب اکادمی کے زیرِ اہتمام غالب لائبریری میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’ کتاب کلچر کا فروغ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میجرڈاکٹرپروفیسر(ر) ہارون الرشید تبسم ، چودھری لیاقت علی وڑائچ ، سعدیہ تنویر ، عبدالصبور ،فوزیہ ریاض، عائشہ جمشید ، عبید الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے، شفیق الرحمن نیازی نے مزید کہا کہ تحقیق وقت کی اہم ضرورت اور اکیسویں صدی کا تقاضا ہے کہ ہم تحقیق کے میدان میں اپنا منفرد مقام حاصل کریں ، انہوں نے کہا کہ لائبریریوں سے رابطہ رکھنے والے طالب علم زندگی کی دوڑ میں ناکام نہیں ہوتے، اپنی مدد آپ کے تحت لائبریریوں کا قیام ہمارے درخشندہ مستقبل کی ضمانت ہے ،میجر ڈاکٹرپروفیسر(ر) ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ تعلیم ہمارے لیے سانس کی طرح ضروری ہے ، بُک لورز ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن سعدیہ تنویر نے کہا کہ ہماری سماجی شناخت کتاب سے وابستہ ہے، عبدالصبور نے کہا کہ کتاب روشنی ، اُمید اور کرن ہے ، غالب لائبریری کا قیام 1920ء میں عمل میں آیا، اس کی 100سالہ تاریخ قالِ فخر ہے ، پاکستان ادب اکادمی کی طالبات نے لائبریری کے مختلف حصے دیکھے اور کتابوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :