پریشر کُکر کے پھٹنے سے جھُلسنے والی ننھی بچی کی حالت سُدھرنے لگی

حادثے کے باعث بچی کے جسم کا 45فیصد حصّہ جل گیاتھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 جون 2018 13:07

پریشر کُکر کے پھٹنے سے جھُلسنے والی ننھی بچی کی حالت سُدھرنے لگی
دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 7 جُون 2018ء) پریشر کُکر پھٹنے کے باعث جھُلسنے والی دو سالہ اماراتی بچی کی حالت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ یہ بچی ایک مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ حادثے کے وقت اس کے جسم کا 45فیصد حصّہ جل گیا تھا جس کے بعد اُس کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر اُسے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق شیخہ سعید المُغنی نامی دو سالہ بچی اپنی خالہ اور گھریلو ملازمہ کے ساتھ کچن میں تھی جس وقت یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

ابو ظہبی کے ایک مقامی ہسپتال کے پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مُقدد الحمادی نے بتایا کہ بچی کے علاج کے ابتدائی 24 گھنٹے بہت اہم تھے۔ اس دوران بچی کی خصوصی نگہداشت کی گئی۔ ان ابتدائی 24 گھنٹوں میں اُس کے جسم کے جلے ہوئے حصّوں کی صفائی اور انفیکشن سے بچاؤ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

پھر اس کے بعد بچی کا خصوصی علاج کیا گیا۔ دو ہفتے گزر جانے کے بعد بچی کی حالت میں سُدھار آ چُکا ہے۔

اگلے مرحلے میں اُسکی تین سے چھے ماہ تک کی فزیو تھراپی کی جائے گی۔اماراتی بچی کو حادثہ پیش آنے کے بعد دوبئی میونسپلٹی کی جانب سے والدین کو خصوصی ہدایت جاری کی گئی تھیں کہ بچوں کو گھر کے کسے گوشے میں اکیلا نہ رہنے دیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد چیک کرتے رہیں کہ بچہ کیا کر رہا ہے۔ اُنہیں بتایا جائے کہ کس چیز کو چھونا اُن کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

اس حوالے سے دوبئی میونسپلٹی نے والدین کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ کھانا پکاتے وقت بچوں کو کچن میں نہ آنے دیں۔ ماچس اور لائٹر جیسی خطرناک اشیاء کو بچوں کی پہنچ سے دُور رکھیں۔ خطرے سے بچنے کے لیے اوون پر بچوں سے حفاظت کا لاک لگوائیں۔آتش زدگی سے نمٹنے کے لیے آگ بُجھانے والے آلات کچن کے قریب رکھیں۔ بچوں کو کچن میں موجود نوکیلی یا وزنی اشیاء سے نہ کھیلنے دیں۔

متعلقہ عنوان :