مصر،مصطفیٰ مدبولی قائم مقام وزیراعظم نامزد ،صدر السیسی کی نئی کابینہ بنانے کی دعوت

نگران حکومت میں مستعفی کابینہ میں شامل وزراء اپنے عہدوں پر برقرار ،سابق وزیراعظم بیرون ملک روانہ

جمعہ 8 جون 2018 13:12

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر ِ مکانات مصطفیٰ مدبولی کو قائم مقام وزیراعظم نامزد کیا ہے اور انھیں نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نگران حکومت میں مستعفی کابینہ میں شامل وزراء اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔البتہ مستعفی وزیراعظم شریف اسماعیل علاج کے لیے بیرون ملک چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شریف اسماعیل نے منگل کے روز صدر عبدالفتاح السیسی کو اپنی کابینہ کا استعفیٰ پیش کردیا تھا ۔اس طرح انھوں نے صدر السیسی کی دوسری مدت کے لیے حلف برداری کے بعد ایک نئی کابینہ کی تشکیل کی راہ ہموار کردی تھی۔نامزد وزیراعظم مصطفیٰ کمال مدبولی فروری 2014ء میں پہلی مرتبہ سابق وزیراعظم ابراہیم محلب کی کابینہ میں شامل ہوئے تھے۔ان کے بعد وزیراعظم شریف اسماعیل کی کابینہ میں انھیں وزارت مکانات کا قلم دان سونپا گیا تھا۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور انھوں نے جامعہ قاہرہ سے 1997ء میں انجنیئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔