ڈویژنل کمشنر کا مسجد اسماعیل روڑ پر ڈویژنل پبلک سکول کے پریمیئر کیمپس کی تکمیل شدہ عمارت کا دورہ ،مختلف شعبوں کا معائنہ کرکے دستیاب تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا

جمعہ 8 جون 2018 21:59

فیصل آباد۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے مسجد اسماعیل روڑ پر ڈویژنل پبلک سکول کے پریمیئر کیمپس کی تکمیل شدہ عمارت کا دورہ کیا اورمختلف شعبوں کا معائنہ کرکے دستیاب تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔آرپی او بلال صدیق کمیانہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،پرنسپل ڈی پی ایس شاہد محمود،ممبران بورڈ آف گورنرز حسن رضا سعید‘احمد حسن‘صدر چیمبر آف کامرس شبیر حسین چاولہ‘چیف آپریٹنگ آفیسر فیڈمک میاں عامر سلیمی ودیگر بھی موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کم خرچ میں معیاری تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لئے فیصل آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میںڈویژنل پبلک سکول کے کیمپسز قائم کئے جارہے ہیں اور پریمیئر کیمپس کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس کا پریمیئر کیمپس اپنی نوعیت کا منفرد اور جدید کیمپس ثابت ہوگا جس میںتعلیم کے جدید طریقے بھی متعارف کرائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ معیاری،منظم اور بہترین ماحول میں تعلیم کیلئے ڈویژنل پبلک سکول امتیازی حیثیت رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس سکول میں داخلوں کیلئے بھی بے حد دبائو ہے جس کے لئے نیو کیمپسز کا قیام ناگزیرہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میںڈویژن کے دیگر علاقوں میں بھی ڈی پی ایس کی شاخوں کے قیام پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ڈویژنل کمشنر نے عمارت کے فنی اعتبار سے جاذب نظر ڈیزائن اور پائیدارتعمیر کو سراہا اور کہا کہ سکول میں صفائی کا اعلی معیار ہمہ وقت برقراررہنا چاہیے۔

آرپی او بلال صدیق کمیانہ‘صدر چیمبر آف کامرس شبیر حسین چاولہ ودیگر نے ڈی پی ایس پریمیئر کیمپس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر معیاری اوربامقصد تعلیم کے جدیداداروںکی اشدضرورت ہے اوریہ کیمپس علمی شعبہ میں جدت اور مستقبل کے تقاضوں کو پورا کرنے کے قابل ہوگا۔انہوں نے بلڈنگ کے اعلیٰ تعمیراتی معیار کی بھی تعریف کی ۔پرنسپل شاہد محمود نے بتایاکہ13 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم ہونے والے ڈی پی ایس پریمیئر کیمپس میں 38کلاس رومز کے علاوہ لینگویج لیب،سائنس لیب،کمپیوٹر لیب،لائبریری کی سہولیات میسرہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پریپ کلاس سے او لیول تک کے اس تعلیمی ادارہ میں موسم گرما کی تعطیلات سے قبل کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے اورطالب علموں کو خوشگوار ماحول میںمعیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی ہی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :