نگران صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و کامرس میاں انجم نثا ر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

میاں انجم نثا ر کی وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کے وفد سے ملاقات،مسائل کے حل کیلئے مکمل معاونت کی یقین دہانی

منگل 12 جون 2018 17:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و کامرس میاں انجم نثا ر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔صوبائی وزیر کی وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کے وفد سے ملاقات، کاروباری امور کے علاوہ چیمبر کو درپیش مسائل بارے تفصیلی بات چیت۔وفد میں چیمبر آف کامرس کی موجودہ صدر مس فلاحت عمران،فائونڈر صدر ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم،سابقہ صدور قیصرہ شیخ ،شازیہ سلمان،سابقہ سینئر وائز صدر مس فاخرہ حسین اور جنرل سیکرٹری شکیلہ بانو شامل تھیں۔

وفد نے صوبائی وزیر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد کے ساتھ مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔صوبائی وزیر میا ں انجم نثار نے وفد کی جانب سے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اورپاکستان کی ترقی میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہر میدان میں خواتین کی نمائندگی کے باعث مثبت نتائج برآمد ہورے ہیں۔

(جاری ہے)

وفد نے وومن چیمبر آف کامرس کو درپیش مسائل بارے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ لاہور ایکسپو سینٹر کے قریب چیمبر کے لئے زمین خریدی گئی ہے مگر ابھی تک اس کے حصول میں کچھ مسائل در پیش آرہے ہیں ،اس کے علاوہ ستمبر 2018میں ایکسپو سینٹر میں 14ویں نمائش کا اہتمام کرنے جا رہے ہیں ،جس کے لئے محکمہ صنعت و تجارت کی معاونت کے ساتھ ایکسپور ٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ ز بھی درکار ہیں۔صوبائی وزیر انجم نثار نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام جائز مطالبات کے حل کے لئے محکمہ صنعت و تجارت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا تاکہ چیمبر آف کامرس میں خواتین کی نمائندگی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔