پی آئی اے عملے نے ایئر پورٹ ٹیکس کی تفصیل جاننے کی ضد پرپاکستانی نژاد برطانوی شہری کو شدیدتشدد کا نشانہ بنا ڈالا

پیر 18 جون 2018 20:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء)قومی ایئرلائن پی آئی اے کے عملے نے ایئر پورٹ ٹیکس کی تفصیل جاننے کی ضدکرنے پرپاکستانی نژاد برطانوی شہری کو شدیدتشدد کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ نادر شاہی حکم کے تحت سول ایوی ایشن کی ہدایت پر اکانومی کلاس کے مسافروں سے 500 روپے فی کس وصول کیے جا رہے ہیںذرائع کے مطابق نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانوی نژادمسافر علی رضا اور پی آئی اے سٹاف کے درمیان ایئرپورٹ ٹیکس ادا کرنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہو گئی جس پر پی آئی اے کے ملازم عابد خان اور عاصم نے علی رضا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہلکاروں نے الٹا برطانوی شہری سے ہی معافی نامہ بھی لکھوایا جس کے بعد مسافر علی رضا کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 سے لندن جانے کی اجازت دے گئی ذرائع کے مطابق ایک نادر شاہی حکم کے تحت سول ایوی ایشن کی ہدایت پر اکانومی کلاس کے مسافروں سے پانچ سو روپے فی کس اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔