جوز بٹلر کی ناقابل شکست سنچری، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کر دیا، بٹلر نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کینگروز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بٹلر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

اتوار 24 جون 2018 22:30

مانچسٹر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) جوز بٹلر کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا، انگلش ٹیم نے 206 رنز کا ہدف 49ویں اوور کی تیسری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 50 کے سکور پر اس کے ابتدائی 5 مستند بلے باز آئوٹ ہو گئے تھے لیکن اس موقع پر جوز بٹلر کینگروز بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، انہوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کر کے آسٹریلیا کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بٹلر نے 110 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، بٹلر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

اتوار کو مانچسٹر میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی قائد ٹیم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، آسٹریلوی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 34.4 اوورز میں 205 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ٹریوس ہیڈ 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈی آر سی شارٹ نے 47 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے، ایرون فنچ 22، مارکس سٹوئنس صفر، شان مارش 8، ایلکس کیری 44، کپتان ٹم پین ایک، آشٹن ایگر صفر، کین رچرڈسن 14، نیتھن لیون ایک اور بلی سٹین لیک 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، معین علی نے 4، ثام کیورن نے 2 جبکہ لیام پلنکٹ اور عادل راشد نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49ویں اوور کی تیسری گیند پر 9 وکٹوں پر حاصل کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے انگلش ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور 50 کے سکور پر اس کے 5 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، جیسن روئے 1، جونی بیئرسٹو 12، ایلکس ہیلز 20، جوروٹ 1 اور کپتان ایوان مورگن بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ انگلش ٹیم میچ ہار جائے گی لیکن جوز بٹلر کینگروز بائولرز کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، انہوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، معین علی 16، ثام کیورن 15، لیام پلنکٹ صفر اور عادل راشد 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بلی سٹین لیک اور رچرڈسن نے تین، تین، سٹوئنس نے دو اور آشٹن ایگر نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :