لیسکو صارفین کو معیاری بجلی کی فراہمی ہمارا اولین مقصد ہے ‘چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ

پیر 25 جون 2018 21:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو کا اولین مقصد اپنے صارفین تک محفوظ اور معیاری بجلی کی ترسیل کو ممکن بنانا ہے اور132kvسسٹم کو مزید مظبوط اور بہتر بنانے کے لئے لیسکو نے بہت سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس کے باعث نہ صرف صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے بلکہ وولٹیج کی کمی جیسے مسئلے پر بھی قابوپایا جا رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ رواں سال رمضان المبارک کے دوران لیسکو کا سسٹم مکمل طور پر مستحکم رہا اور گرم ترین موسم کے باوجود بھی لیسکوکے صارفین کو معیاری اور بلاتعطل بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا گیا۔ چیف ایگزیکٹو نے یہ بات132kv رحمان پارک، ریواز گارڈن اور گلشن راوی گرڈ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا تھا کہ لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے اپنے ٹارگٹ پر بھرپور طریقے سے کام میں مصروف عمل ہے تاکہ لاہور سمیت لیسکو کے زیرانتظام تمام سرکلز میں موسم گرما اور مون سون کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کے 132kvرحمان پارک، ریواز گارڈن اور گلشن راوی گرڈ اسٹیشنز کے دورے کے موقع پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر مجاہد سعید رانا، چیف انجنئیر ڈویلپمنٹ ممتاز علی خان، پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب اور ایس ای جی ایس او رانا اشتیاق احمدبھی موجود تھے۔ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو نے موسم گرما میں بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہائی الرٹ کردیا ہے تاکہ سسٹم کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم سے تمام چھوٹی اور بڑی رکاوٹوںکو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو احسن اسلوبی سے پورا کیا جاسکے۔