عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے،وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ کی این بی ایف کو ہدایت

منگل 26 جون 2018 20:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے نیشنل بک فائونڈیشن (این بی ایف) کو ہدایت کی ہے کہ عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں بالخصوص طالب علموں کو آگاہ کرنے کی ایسی مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ وہ کم قیمت پر کتب کی فراہمی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ ہدایات انہوں نے منگل کو جناح سپر اسلام آباد میں قائم شہر کتاب کے اچانک دورہ کے موقع پر جاری کیں۔ وفاقی سیکرٹری نے این بی ایف کے زیر انتظام ’’شہرکتاب‘‘ اسلام آباد کے مختلف حصے، سٹالز، گودام اور کتاب کیفے کا معائنہ کیا اور عام شہریوں کو دی جانے والی سہولیات اور کتب کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

این بی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس موقع پر بتایا کہ شہرکتاب وفاقی دارالحکومت کے شہریوں اور طالب علموں کو نصابی اور دیگر کتب پر کم ازکم 10 فیصد سے لے کر 50 فیصد تک رعایت پر کتب فراہم کر رہا ہے۔

وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن نے ہدایت کی کہ این بی ایف کی رعایتی قیمت پر کتب ایک قومی خدمت ہے۔ شہریوں کو آگاہ کرنے سے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں اور شہرکتاب کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہر کتاب میں انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ اس موقع پر قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری سیّد جنید اخلاق، جوائنٹ سیکرٹری نذیراحمد اور دیگر حکام موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :