دُبئی:7500اماراتی درہم کے عوض فری لانس پرمٹ کی شاندار خوش خبری

فری لانس پرمٹ ہولڈر میڈیا اور تعلیم کے شعبوں میں قانونی طریقے سے کام کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 جون 2018 12:58

دُبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جُون 2018ء) دُبئی میں مقیم افراد سالانہ 7500 اماراتی درہم کے عوض فری لانس پرمٹ حاصل کر کے میڈیا اور ایجوکیشن سیکٹر میں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ یہ سہولت دُبئی میڈیا سٹی اور دُبئی نالج پارک کی جانب سے دی جا رہی ہے۔Gofreelance کے عنوان سے جاری یہ پیکج TECOM گروپ کی طرف سے لانچ کیا گیا ہے۔ فری لانسر پرمٹ کی سالانہ فیس ادا کر کے دُبئی میڈیا سٹی اور دُبئی نالج پارک جیسے بزنس سنٹرز تک رسائی ممکن ہو جاتی ہے۔

جبکہ ایسے افراد جو متحدہ عرب امارات میں مقیم نہیں ہیں اور دُبئی میں فری لانس کام کرنے کے خواہش مند ہیں تو انہیں ویزہ حاصل کرنا ہو گا جس کے لیے ان کو متعلقہ معاونت فراہم کی جائے گی۔ تاہم ایسے اُمیدواروں کو قانون کے مطابق ویزہ کی فیس علیحدہ سے ادا کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

گو فری لانس سکیم گزشتہ روز دُبئی پریس کلب میں ایک میڈیا بریفنگ کے دوران جاری کی گئی۔

اس موقع پر دُبئی میڈیا سٹی کے عہدے داروں نے اس نئے پیکج کے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نیا فری لانس پیکج‘ سابقہ پیکج کے مقابلے میں نصف واجبات جمع کروانے پر حاصل ہو گا۔ دُبئی میں مقیم افراد کو فری لانس پرمٹ حاصل کرنے کے لیے اپنے ایمپلائر یا سپانسر کی جانب سے این او سی جمع کروانا ہو گا۔ کمپنیز کسی مخصوص پراجیکٹ‘ کسی کنٹریکٹ بیسڈ کام‘ یا کام کی زیادتی کو مد نظر رکھتے ہوئے افراد کو مخصوص ذمہ داریاں تفویض کر سکتی ہیں۔

یہ پرمٹ اُن کے لیے بھی قابلِ عمل ہو گا جو اپنے والدین یا خاوند کے ویزہ پر مقیم ہیں۔ فی الحال یہ پرمٹ ایجوکیشن اور میڈیا کی کچھ خاص سرگرمیوں تک محدود ہے۔ مثال کے طور پر ایجوکیشن سیکٹر میں ایجوکیشن ایڈوائزر‘ ریسرچر‘ ای لرننگ ایڈوائزر سمیت پانچ سرگرمیاں شامل کی گئی ہیں۔ جبکہ میڈیا میں پچاس سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے جن میں ایکٹر‘ اینیمٹر‘ کیمرہ مین‘ صحافی اور دیگر شامل ہیں۔

دُبئی میڈیا سٹی‘ دبئی سٹوڈیو سٹی اور دُبئی پروڈکشن سٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر مجید السُویدی نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ نیا پیکیج پروفیشنل مارکیٹ میں رُونما ہونے والی نئی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ کیونکہ آج کی میڈیا انڈسٹری دس سال قبل کی میڈیا انڈسٹری سے قطعاً مختلف ہے۔ السُوویدی کے مطابق اس وقت امارات میں مقیم بے شمار لوگ قانونی ڈھانچے سے باہر فری لانسنگ کر رہے ہیں۔

فری لانس پرمٹ کے اجراء کا مقصد اُنہیں انتہائی معقول فیس ادا کر کے قانونی ڈھانچے کے اندر شامل کرنا ہے۔ دُبئی انٹرنیشنل اکیڈیمک سٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد عبداللہ نے مقامی اخبار کو بتایا کہ اس پرمٹ کے حوالے سے لوگوں نے بہت زیادہ دلچسپی ظاہر کی ہے اور عہدے داروں نے بڑی تعداد میں درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔ تیز ترین پراسس اور نصف فیس کے باعث اب فری لانس پرمٹ کا حصول آسان بنادیا ہے۔

پرمٹ کے حصول کے لیے ویب سائٹ www.gofreelance.ae پر جا کر خواہشمند افراد اپنا ایپلیکشن فارم اور دیگر مطلوبہ دستاویز ‘ مثلاً CV‘ پاسپورٹ اور ویزے کی کاپی‘ بینک ریفرنس لیٹر اور سپانسر کا این او سی (اگر ضروری ہو تو) اپ لوڈ کرنی ہوں گی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں اُمیدواروں کو ایک ای میل کے ذریعے اطلاع دی جائے گی پھر وہ دُبئی میڈیا سٹی یا دُبئی نالج پارک جا کر دستاویزا ت پر دستخط کر کے پرمٹ کی فیس ادا کریں گے۔ اس دوران اُمیدواروں سے تصدیق کی غرض سے اُن کی درخواست سے متعلق سوالات کیے جا سکتے ہیں ۔ جس کے بعد اُن کا فری لانس پرمٹ اُنہیں ای میل کے ذریعے موصول ہو جائے گا۔
دُبئی:7500اماراتی درہم کے عوض فری لانس پرمٹ کی شاندار خوش خبری