انسدادخسرہ مہم کے بارے میں اعلیٰ سطح اجلاس

مہم کے دوران صوبے بھر میں43 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی،محمدعابدمجید

بدھ 4 جولائی 2018 12:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) سیکرٹری محکمہ صحت خیبر پختونخوا محمد عابد مجید نے صوبہ بھر میں بچوں کو خسرہ سے بچانے کیلئے اکتوبر میں شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے اعلیٰ معیاراور بہترین نتائج کو یقینی بنانے کی غرض سے صوبائی، ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پرماہرین امراض اطفال پر مشتمل نگران کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت کی ہے، مہم کے دوران 43لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی ۔

انہوں نے یہ بات آنے والی ویکسینیشن مہم کے انتظامات کے سلسلہ میںگزشتہ روز ہیلتھ سیکرٹریٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزڈاکٹر ایوب روز، قائم مقام کوآرڈینٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر عاطف رحمان،ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر تیمور شاہ، بی ایم جی ایف کے ڈاکٹر امتیاز علی شاہ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدی ناصر،این سٹاف کے ڈاکٹر اعجاز شاہ، یونیسیف اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ محمد عابد مجید نے کہا کہ کمسن بچوں کو خسرہ سے بچانا معاشرہ کے تمام طبقات اور باالخصوص والدین کافرض ہے ۔انہوں نے بچوں کو خسرہ سے بچانے کے لئے صوبہ بھر میں وسیع پیمانے پر ویکسینیشن مہم سے قبل والدین اور معاشرہ کے دیگر طبقات میںویکسینیشن میں تعاون کا شعور اجاگر کرنے کے لئے موثر کمیونیکیشن اور بھرپور سوشل موبلائزیشن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تربیت یافتہ ویکسینیشن سٹاف، ویکسین اور دیگر لوازمات کی فراہمی سے بروقت موثر ویکسینیشن مہم یقینی بنایا جائے۔

ای او سی کوآرڈینیٹر عاطف رحمان نے کہا کہ اس ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مہم کے دوران ای او سی کی جانب سے ای پی آئی کو ہرقسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر اجنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا ڈاکٹر ایوب روزاور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ نے اجلاس کے شرکا کوبچوں کو خسرہ سے بچانے کے لئے مجوزہ مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خسرہ کے واقعات سامنے آنے کے بعد اکتوبر میںصوبہ بھر میں وسیع پیمانے پر خسرہ ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جارہاہے اس مہم کے دوران 9ماہ سی59ماہ کی عمر تک کے 43لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کے لئے محکمہ صحت اور معاون اداروں کے اشتراک سے عملہ کی تربیت، ویکسین کی فراہمی اور دیگر تمام انتظامات تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :