ابو ظہبی کے رہائشیوں کے لیے خوش خبری

چند روز میں 852 نئی ٹیکسیاں سڑکوں پر رواں دواں نظر آئیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 6 جولائی 2018 17:15

ابو ظہبی کے رہائشیوں کے لیے خوش خبری
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جُولائی 2018) معروف ٹرانسپورٹیشن کمپنی توصُل نے پٹرول سے چلنے والی1347ٹیکسی گاڑیوں کو خدا حافظ کہنے کا ارادہ بنا لیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے خریدی گئی 852 نئی ہائی برِڈ گاڑیاں جلد ہی ابو ظہبی کی گاڑیوں پر صارفین کو سفری سہولتیں فراہم کرتی نظر آئیں گی۔ جبکہ سالِ رواں کے آخر تک مزید ڈیڑھ سو ٹیکسیوں کا اضافہ ہو جائے گا۔

ان نو درآمد شدہ ہائی برِڈ گاڑیوں میں پٹرول سے چلنے والی اور الیکٹرک پاور سے چلنے والی نئی ٹیکنالوجی کی حامل دونوں قِسم کی گاڑیاں شامل ہیں۔ توصُل کے سینیئر عہدے دار محمد القمضی کے مطابق ہائی برڈ گاڑیاں پٹرول پر چلنے والی روایتی گاڑیوں کے مقابلے میں فیول کی ستر فیصد سے زیادہ بچت کرتی ہیں۔ جبکہ ان کے انجنوں کی مرمت پر بھی زیادہ خرچہ نہیں آتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار القمضی نے متحدہ عرب امارات میں ٹویوٹا کے ڈیلر‘ الفُتیم موٹرز کی جانب سے توصُل کو ہائی برڈ گاڑیوں کی پہلی کھیپ فراہم کرنے کی تقریب کے دوران کیا ۔ تقریب کے دوران نئی خریدی گئی گاڑیاں بھی موجود تھیں۔ القمضی نے مزید کہا ’’ ٹویوٹا کیمری ہائی برِڈ گاڑیاں ایک لٹر میں 26 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہیں۔ جبکہ پٹرول پر چلنے والی روایتی کیمری انجن والی گاڑیاں اڑھائی لٹر میں سترہ کلومیٹر کی مسافت طے کرتی ہیں۔

کمپنی کو ملنے والی 852 گاڑیوں کے مجموعی لائف سائیکل کے دوران کاربن کے اخراج میں 44 ملین کلوگرام کاربن کی کمی ہو گی۔ فیول کی مد میں آنے والی بھاری لاگت ٹیکسی آپریٹرز کے لیے بڑا مسئلہ رہا ہے۔ جس وجہ سے ہائی برڈ گاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اس سے آپریٹنگ قیمت میں کمی واقع ہو گی۔ جبکہ شہر بھر میں کم فاصلے کی مسافت کے لیے الیکٹرک گاڑیاں بہت مفید ثابت ہوں گی کیونکہ اس صورت میں پٹرول کی مکمل بچت ہو گی۔

ان ہائی برڈ گاڑیوں کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ یہ پٹرول انجن سے خود کار طریقے سے چارج ہوتی ہیں‘ حتی کہ بریک اور سپیڈ بڑھاتے گھٹاتے وقت بھی ان کی چارجنگ ہوتی ہے‘ جس کے باعث انہیں چارج کرنے کے لیے پاور کیبل کو پلگ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ الیکٹرک ٹیکسیوں کو متعارف کرنے کا مقصد ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا بھی ہے۔ کیونکہ اماراتی حکومت نے بھی اس حوالے سے بہت سے اقدامات اُٹھائے ہیں جن کو ہم اپنے طریقے سے سپورٹ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دوران امارات میں واقع ایک اور فرنچائزی عریبیہ ٹیکسی نے بھی 545 ٹویوٹا ہائی برڈ گاڑیاں منگوائی ہیں جو امارات کی مختلف ریاستوں میں نظر آئیں گی۔ اس وقت امارات میں آٹھ مختلف کمپنیوں کے زیر اہتمام 6,147ٹیکسیاں عوام کو سفری سہولت مہیا کر رہی ہیں۔