پاکستانی نژاد سعد بن ظفر کی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی، وان کوور نائٹس نے 2018ء گلوبل ٹی ٹونٹی کینیڈا لیگ جیت لی،

وان کوور نے فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈیز بی ٹیم کو شکست دی، ظفر کی 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز اور 2 وکٹیں، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

پیر 16 جولائی 2018 17:40

پاکستانی نژاد سعد بن ظفر کی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی، وان کوور نائٹس ..
مونٹریال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستانی نژاد سعد بن ظفر کی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت وان کوور نائٹس نے 2018ء گلوبل ٹی ٹونٹی کینیڈا کرکٹ لیگ جیت لی، فاتح ٹیم نے ویسٹ انڈیز بی ٹیم کو فیصلہ کن معرکے میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، ظفر نے عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 2 کھلاڑیوں کو بھی آئوٹ کیا، ظفر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

کینیڈا میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں ویسٹ انڈین بی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 17.4اوورز میں 145 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، فیبین ایلن 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان بریمبل اور گریوز 16، 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کوٹریل نے 4، فواد احمد نے 3، سعد بن ظفر نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں وان کوور نائٹس نے مطلوبہ ہدف 18ویں اوور کی تیسری گیند پر محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، سعد بن ظفر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، وان ڈر 44 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔