تیسرا ون ڈے ،پاکستانی باﺅلرز نے زمبابوین بیٹنگ کے بخیے ادھیڑ دیئے

گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0کی برتری حاصل ہے

بدھ 18 جولائی 2018 14:24

تیسرا ون ڈے ،پاکستانی باﺅلرز نے زمبابوین بیٹنگ کے بخیے ادھیڑ دیئے
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18جولائی 2018 ء) پانچ ایک روز ہ میچز کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 68 رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔کپتان ہیملٹن مساکدزا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور کوئی بلے باز زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکا۔ چامو چی بھا بھا 16 اور کپتان ہیملٹن مساکڈزا 10 رنز بنا کر نمایاں رہے،ویلنگٹن مساکاڈزا10کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے جب کہ 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور پوری زمبابوین ٹیم محض 67رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

گرین شرٹس کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے5 شکار کیے جب کہ جنید خان نے 2، یاسر شاہ ،شاداب خان اور عثمان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ گرین شرٹس کو 5 میچز پر مشتمل سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سیریز اپنے نام کرنے کے لیے گرین شرٹس کا آج کے میچ میں فتح درکار ہے جب کہ سیریز میں رہنے کے لیے زمبابوین ٹیم کو لازمی میچ جیتنا ہوگا۔

تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور حسن علی کی جگہ لیگ سپنر یاسر شاہ اور محمد عامر کی جگہ جنید خان کو موقع دیا گیا ہے۔کپتان سرفراز احمد کو فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، یاسر شاہ، جنید خان اور عثمان خان شنواری کی خدمات حاصل ہوں گی۔سکواڈ میں شامل حارث سہیل بیٹی کی طبیعت کی خرابی کے باعث واپس پاکستان آرہے ہیں تاہم ان کی جگہ اب تک کسی متبادل کو نہیں بلایا گیا۔

انجری سے واپس لوٹنے والے بابر اعظم ابتدائی دونوں میچز میں کافی بہتر دکھائی دیے، پہلے ون ڈے میں وہ جلد وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ دوسرے میں ناٹ آﺅٹ رہے، مگر ان کے پاس زیادہ سکور کا موقع ہی نہیں تھا۔ کپتان سرفراز احمد پہلے ہی واضح کرچکے کہ سیریز جیتنے کے بعد ہی پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، ٹیم کا پہلا ہدف سیریز جیتنا ہے، اس کے حصول کے بعد ہی بنچ پاور کو آزمائیں گے۔

ادھر زمبابوے کی صرف ایک ہی خواہش ہے کہ وہ کم سے کم عزت سے ہارنے کے قابل ہوجائے، کھلاڑیوں کی ناکامیوں کے باوجود وہ انھیں کھلانے پر مجبور ہے کیونکہ بنچ پر بیٹھے ہوئے پلیئرز معیار سے اور بھی نیچے ہیں۔ پچ کے ابتدائی دونوں میچز سے مختلف ہونے کی بالکل توقع نہیں ہے، موسم بھی گذشتہ دنوں جیسا ہی سرد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :