دُبئی:بھنگ کی برآمدگی پر گرفتار بھارتی خاتون عدالت میں پھُوٹ پھُوٹ کر رو پڑی

خاتون کے مطابق اُسے نہیں پتا تھا کہ بھنگ امارات میں ممنوع ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 جولائی 2018 17:08

دُبئی:بھنگ کی برآمدگی پر گرفتار بھارتی خاتون عدالت میں پھُوٹ پھُوٹ ..
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جُولائی 2018) منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار بھارتی خاتون نے عدالت میں آنسوؤں کی ندیاں بہا دِیں اور گڑگڑا کر جج سے رحم کی بھیک مانگتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال مارچ کے مہینے میں ستائیس سالہ بھارتی خاتون اپنے آبائی وطن بھارت سے دُبئی پہنچی۔ دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُس کے سامان کی سکیننگ کے دوران ڈیوٹی پر تعینات خاتون کسٹمز انسپکٹر کو منشیات کا شبہ ہوا۔

جیسے ہی خاتون کسٹمز کاؤنٹر پر اپنا سامان لینے کے لیے پہنچی تو خاتون انسپکٹر نے پوچھا کہ اُس کے پاس کوئی ایسی شے تو نہیں جسے اُس نے کسٹمز والوں پر ظاہر نہیں کیا۔ جس پر خاتون نے انکار میں سر ہلایا۔ اس پربھارتی خاتون کے سامان میں موجود ایک کارٹن کھولا گیا تو اس میں سے بھنگ کے دس پیکٹ برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد بھارتی خاتون اور اُس کے 26 سالہ ہم وطن ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔

استغاثہ کی جانب سے خاتون اور اُس کے ساتھی ملزم پر ساڑھے سات کلو گرام بھنگ اپنے پاس رکھنے اور اُسے متحدہ عرب امارات میں اسمگل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا۔ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ بھارت میں ایک جاننے والے نے اُسے بھنگ کا کارٹن دیا تھا کہ اسے میں امارات میں مقیم ایک شخص کے پاس پہنچا دوں۔ خاتون کے مطابق وہ جانتی تھی کہ اس میں بھنگ ہے تاہم وہ اس بات سے قطعی لاعلم تھی کہ متحدہ عرب امارات میں بھنگ کا استعمال ممنوع اور قابلِ تعزیر جُرم ہے۔

کیونکہ بھارت میں اس منشیات کے استعمال پر پر کوئی پکڑ نہیں ہے۔ خاتون نے روتے چِلاتے ہوئے کہا کہ اُسے خدشہ ہے کہ وہ اس شے کو تحویل میں رکھنے پر سزا بھُگتے گی جو اُس کے مُلک میں قطعاً غیر قانونی نہیں ہے۔ خاتون نے گڑگڑا کر جج سے معافی اور سزا میں نرمی کی درخواست کر دی۔ جبکہ 26 سالہ مرد ملزم کا کہنا تھا کہ اُسے قطعاً نہیں پتا تھا کہ کارٹن میں کیا ہے۔ اسے خاتون نے ہی ایئرپورٹ پر وصول کیا تھا۔ اُس کا اس سارے معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اس کیس کا فیصلہ 30 جولائی 2018ء کو سُنایا جائے گا۔