دُبئی ‘ ابوظہبی اور العین کے رہائشیوں کو آئس کریم فری مِلے گی

دُبئی پارک اینڈ ریزارٹس کی جانب سے یہ آفر دو ہفتوں کے لیے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اگست 2018 15:38

دُبئی ‘ ابوظہبی اور العین کے رہائشیوں کو آئس کریم فری مِلے گی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اگست 2018) اس وقت متحدہ عرب امارات میں کڑاکے کی گرمی پڑ رہی ہے۔ ہر کوئی گرمی کے ہاتھوں پریشان اور بیزار دکھائی دیتا ہے۔ لوگ مُلک سے باہر چھُٹیاں منانے جا رہے ہیں ۔ اور جو یہیں مقیم ہیں وہ سوئمنگ پولز اور ساحلِ سمندر کا رُخ کر رہے ہیں۔ آج کل جُوسز اور ٹھنڈی ٹھار آئس کریم کا استعمال زوروں پر ہے۔اس گرمی کی شدت میں ٹھنڈک اور تازگی کا احساس دینے کے لیے دُبئی پارکس اینڈ ریزارٹس کی جانب سے خوشیوں بھرا اعلان کیا گیا ہے کہ 13اگست 2018ء تک یعنی دو ہفتوں کے دوران ابو ظہبی‘ العین اور دُبئی کے مخصوص علاقوں میں فیملیز اور بچوں میں دو ہزار آئس کریمز مفت تقسیم کی جائیں گی۔

چار مختلف پارکوں میں آئس کریم وین لوگوں میں فروٹ آئس لالی اور سافٹ آئس کریم بانٹتی نظر آئے گی۔

(جاری ہے)

سب سے پہلے یہ وین دُبئی کے مختلف علاقوں میں 31 جولائی سے 6 اگست تک آئس کریمیں بانٹیں گی۔ جس کے بعد 7 اگست سے 13 اگست تک ابو ظہبی کے بچے اور بڑے مفت کی آئس کریم سے لطف اندوز ہوں گے۔ جبکہ 10 اگست اور 11اگست کو العین والوں کی باری آئے گی۔ اگر یہ پتا چلانا ہوکہ آئس کریم بانٹنے والی وین کب آپ کے علاقے میں آ رہی ہے‘ تو دُبئی پارکس اینڈ ریزارٹس کے فیس بُک اور انسٹا گرام پیجز پر اس حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

ہو سکتا ہے کہ سیزن کے بہترین ذائقوں والی آئس کریم کا سکوپ آپ کے حصّے میں بھی آ جائے۔ اس کے علاوہ آئس کریم وین کے ساتھ سیلفی لینے کی سہولت بھی موجود ہے‘ ہیش ٹیگ #DPRIceCreamTruck کا استعمال کریں اور ڈیسٹینیشن فور تھیم پارکس کی چار ٹکٹس جینے کے لیے ریفل ڈراء میں شامل ہو جائیں۔ یاد رہے کہ مفت آئس کریم کی یہ آفر چند دِنوں کے لیے دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :