پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کیلئے استعمال کئے جانیوالے کیمیکل صحت کیلئے انتہائی مضر ہیں، ماہرین صحت

پیر 6 اگست 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2018ء) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کیلئے استعمال کئے جانیوالے کیمیکل صحت کیلئے انتہائی مضر ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کے لئے محفوظ اور تازہ رکھنے کے لئے عمومی طورپر جو کیمیکل استعمال کئے جاتے ہیں اس میں کیلشیم، کاربائیڈ، آرسینک اور فاسفورس وغیرہ شامل ہیں، دنیا کے کئی ممالک میں اس کے استعمال پر پابندی عائد ہے تاہم یہاں پر پھلوں اور سبزیوں میں استعمال عام ہے جو کہ انتہائی مضر ہے۔

ایک سرکاری ہسپتال کے ماہر غذائیت ڈاکٹر احسن اکرم نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ یہ کیمیکل پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں تاہم اس کے مضر اثرات صحت پر پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پھلد ار درختوں آم ، کیلا ، سیب سمیت دیگر کی نشو و نما کے لئے بھی مختلف قسم کے ہارمونز اور سلفر کا اسعتمال کیا جاتا ہے جو کہ انسانی زندگی کیلئے خطرہ ہیں۔

ایک مقامی ہسپتال کی فزیشن ڈاکٹر تسنیم اختر نے بتایاکہ ان کیمیکلز کے نتیجے میں کینسر ، گردوں اور معدے کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کیمیکلز کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں دستیاب دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خوردونوش بھی خالص نہیں جبکہ اب پھلوں اور سبزیوں میں کیمیکلز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔ ایک خاتون ثمینہ چوہدری نے کہاکہ عوام کس پر اعتماد کرے جب اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ہو تو پھر کیا کھایا جائے ۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کیمیکلز کے استعمال کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :