امارات کے باسی عید الاضحی کے موقع پرشاندار آتش بازی دیکھنے کے لیے تیار ہو جائیں

دُبئی اور ابو ظہبی میں کئی اہم مقامات پر آتش بازی کا اہتمام کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 اگست 2018 13:45

امارات کے باسی عید الاضحی کے موقع پرشاندار آتش بازی دیکھنے کے لیے تیار ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اگست 2018ء) عید الاضحی کی آمد آمد ہے۔ دُنیا بھر کے مسلمان عیدِ قربان کو بڑے مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں بھی مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کروڑوں مسلمان مقیم ہیں جو ہر سال عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ امارات میں مقیم افراد کو عیدالاضحی کا انتظار اس لیے بھی رہتا ہے کیونکہ درجنوں مقامات پر آتش بازی کا بندوبست کیا جاتا ہے۔

آسمان یوں دکھائی دیتا ہے جیسے ہزاروں پھُلجڑیاں کھِل گئی ہوں۔خاص طور بچے اس منظر سے بہت زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔ امارات میں اس مرتبہ عید الاضحی 21 اگست 2018ء کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر کانسرٹس اور دیگر تفریحی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ اس بار دُبئی کے مختلف مقامات پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے کا بندوبست کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دُبئی بیچ پر 22 اگست 2018ء سے لے کر 24 اگست 2018ء تک مسلسل تین روز رات ساڑھے آٹھ بجے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے منتظمین کے مطابق اس بار آتش بازی کا مظاہرہ پچھلے سالوں کی نسبت کہیں زیادہ شاندار اور پُرلطف ہونے جا رہا ہے۔ لی مار (Le Mar) کی جانب سے عید کے دِنوں میں روز رات ساڑھے نو بجے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ دُبئی فیسٹیول سٹی کی جانب سے ایک میوزیکل آتش بازی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ آتش بازی کا یہ پروگرام 22اگست 2018 کو رات نو بجے جبکہ 23 اگست 2018ء کو ساڑھے دس بجے منعقد کیا جائے گا۔

جس میں ہر سال کی طرح اس بار بھی لوگوں کی اپنی فیملیوں اور دوستوں سمیت بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ ال سِیف کی جانب سے بھی عید کے تینوں روز دُبئی کرِیک پررات نو بجے آتش بازی کا بندوبست کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ابو ظہبی میں یاس آئی لینڈ پر بھی آتش بازی کے شائقین کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ مظاہرہ عید کے تینوں روز رات نو بجے کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے عوام کروز کے لیے بُکنگ کروا سکتے ہیں۔ اس طرح وہ سمندر کی سیر کے دوران جہاز یا کشتی کے ذریعے آتش بازی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ یاس مرینہ کے ایک ریسٹورنٹ پر بھی رات نو بجے ڈِنر کے دوران آتش بازی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :