ملک کو چلانے کیلئے 6 ماہ کے فنڈز کا فوری انتظام کرنا ہوگا،ملک معاشی بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا اسمبلی میں احتجاج اپوزیشن کا حق ہے

سابق سپیکر و رکن قومی اسمبلی سید فخر امام کی ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو

بدھ 15 اگست 2018 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) سابق سپیکر و رکن قومی اسمبلی سید فخر امام نے کہا ہے کہ ملک کو چلانے کیلئے فوری6 ماہ کے فنڈز کے انتظامات کرنا ہوں گے۔ملک معاشی بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اپوزیشن نے اسمبلی میں احتجاج کرکے اچھی روایت قائم نہیں کی ۔مگر احتجاج اپوزیشن کا حق ہے۔ انہوں نے بدھ کو سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخابات کے موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سید فخر امام نے کہا کہ میری اسمبلی اور آج کی پارلیمنٹ میں بہت فرق ہے۔ اس وقت ملک کو معاشی و اقتصادی اعتبار سے شدید چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ملک کو چلانے کیلئے فوری طور پر 6 ماہ کے فنڈز کا بندوبست کرنا ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران حکومت یہ فنڈز کہاں سے ارینج کرے گی اس کے اشارے دیے گئے ہیں۔سابق سپیکر نے کہا کہ اس وقت صورتحال ایسی ہے کہ ملک کسی قسم کے بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ،اپوزیشن کے ایوان میں احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ابتدائی اجلاس میں احتجاج کر کے کوئی اچھی روایت قائم نہیں کی۔ تاہم اپوزیشن کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔