تصحیح شدہ

نیپال کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ امور پرادیپ کمار گیاولی کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون‘ وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

پیر 20 اگست 2018 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) نیپال کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ امور پرادیپ کمار گیاولی نے پیر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان کے وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیپال کی حکومت اور عوام کے عزم اور حوصلہ کی تعریف کی جو کہ تباہ کن زلزلہ کے بعد اپنے ملک کی تعمیرنو کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ اور پاکستان اور نیپال کے مابین سیاسی تعلقات اور موجودہ خوشگوار تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے نیپال میں سیاحت کی ترقی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سیاحت پاکستان کی بھی ترجیح ہے۔ شاہ محمود قریشی نے سارک کے اغراض و مقاصد اور اس کی علاقائی ترقی کیلئے اہمیت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سارک کی اہم علاقائی تنظیم کے طور پر تشکیل نو کی جا سکے گی تاکہ جنوبی ایشیاء کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کی معاشی تعمیر و ترقی میں مدد مل سکے۔ وزیر خارجہ نے نیک خواہشات اور عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد کیلئے ٹیلی فون کرنے پر اپنے نیپالی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔