حسن ابدال میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

اتوار 23 ستمبر 2018 19:00

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) حسن ابدال میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد کی فائرنگ ،ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ۔حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔جاں بحق اور شدید زخمی ہونے والے شخص کا تعلق کامرہ شرقی تحصیل حسن ابدال سے ہے ۔نعش اور شدید زخمی ہسپتال منتقل۔پولیس مصروف تفتیش۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خالد ولد لیاقت اور ارسلان ولد اِرشادالہٰی ساکنان کامرہ شرقی تحصیل حسن ابدال گزشتہ رات آٹھ بجے کے قریب گھر واپس جارہے تھے جب وہ ٹیوب ویل نزد احاطہ پہنچے توموٹرسائیکل سوار02 نامعلوم افراد نے دونوں پر فائرنگ شروع کردی ۔

جس کے نتیجہ میں خالد ولد لیاقت سکنہ کامرہ شرقی تحصیل حسن ابدال سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ارسلان ولد اِرشاد الہٰی سکنہ کامرہ شرقی تحصیل حسن ابدال شدید زخمی ہوگیا ۔نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش اور شدید زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال منتقل کردیا گیا ۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔