وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کے ایڈوائزر طارق احد نواز کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

تاجر برادری ٹیکس شکایات کے ازالہ کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کی خدمات سے فائدہ اٹھائے‘ طارق احد نواز

پیر 24 ستمبر 2018 19:08

وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کے ایڈوائزر طارق احد نواز کا اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کے ایڈوائزر طارق احد نواز نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ ٹیکس شکایات میں متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں رہتا ہے، تاجر برادری ٹیکس شکایات کے ازالہ کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کی خدمات سے فائدہ اٹھائے۔

انہوںنے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ ٹیکس دہندہ ریونیو ڈویژن کے کسی اقدام کے خلاف وفاقی ٹیکس محتسب کو تحریری شکایت کر سکتا ہے اور ان کا ادارہ ان کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔ اپنے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2017ء میں 30 جون تک 1022 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 892 کو نمٹایا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح سال 2018ء میں 30 جون تک 901 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 772 کو نمٹا لیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ 583 شکایات میں سے 457 شکایات کا فیصلہ متاثرین کے حق میں کیا گیا اور صرف 126شکایات کا فیصلہ ان کے خلاف کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ جب کوئی شکایت کسی ٹیکس دہندہ سے وصول ہوتی ہے تو اس کو ایف بی آر یا متعلقہ فیلڈ آفس کو بھیجا جاتا ہے اور ان کا جواب پھر متاثرہ ٹیکس دہندہ کو بھیجا جاتا ہے تا کہ وہ اپنا ردعمل دے سکے۔ انہوںنے کہا کہ اگر کوئی غلطی ثابت ہو جائے تو ایف بی آر کو اس کا ازالہ کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ان کا ادارہ متاثرین کو مفت اپنی خدمات فراہم کرتا ہے اور ضرورت پڑنے پر ان کو شکایت درج کرنے میں معاونت بھی کرتا ہے۔ طارق احد نواز نے کہا کہ ان کے ادارے میں شکایت درج کرنے کا طریقہ کار بہت آسان ہے کیونکہ کوئی بھی متاثرہ ٹیکس دہندہ ذاتی طور پر، کوریئر سروس ، ای امیل، اور فیکس کے ذریعے اپنی شکایت درج کراسکتا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرین وفاقی ٹیکس محتسب کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن بھی اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ ہر درج شدہ شکایت کی تصدیق کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے تاجر برادری اپنی تجاویز دے جن پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے کیلئے آسان اور سہل ٹیکس نظام کی تشکیل وقت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کو فروغ دینے اور ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے کیلئے ایک مستعد اور فعال وفاقی ٹیکس محتسب کی موجودگی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے چکر لگانے کی بجائے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو وفاقی ٹیکس محتسب سے سستا اور مفت انصاف ملنے سے نہ صرف شکایات میں کمی ہو گی اور ایف بی آر کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ اس سے ملک کے ٹیکس ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے اربوں روپے ریفنڈ کی مد میں ایف بی آر کے پاس رکے رہتے ہیں اور محکمہ ان کو بروقت کلیئر کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیتا رہتا ہے لہذا وفاقی ٹیکس محتسب ان رکے ہوئے ریفنڈز کی بروقت ادائیگی کرانے میں معاونت کرے جس سے ٹیکس دہندگان کو کافی ریلیف ملے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، باصر دائود، میاں شوکت مسعود، افتخار انور سیٹھی، خالد چوہدری ، میاں خالد، میاں محمد رمضان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ٹیکس دہندگان کی شکایات کے جلد ازالہ کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :